سٹی42: بھارت کے الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ پہلے مرحلہ کے لئے انتخابی مہم کے لئے سیاسی جماعتوں کو بمشکل 32 دن دیئے گئے ہیں۔
لوک سبھا الیکشن کا ساتواں مرحلہ یکم جون، نتائج 4 جون کو اناؤنس ہوں گے
بھارت کی قانون ساز اسمبلی لوک سبھا کے انتخابات 19 اپریل سے یکم جون تک سات مرحلوں میں ہوں گے۔انتخابات کے آخری مرحلہ کے بعد تمام ریاستوں میں سات مرحلوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی بھی مرحلہ وار ہو گی۔ تمام حلقوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان 4جون کو ہوگا
لوک سبھا انتخابات کے 7 مرحلوں کا تعین کن بنیادوں پر کیا گیا
حال ہی مینں حکومت کی طرف سے یکطرفہ طور پر تعینات کئے گئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ہفتہ کے روز صحافیوں کے سامنے الیکشن شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے سات مراحل جغرافیائی حالات، تہواروں، امتحانات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
ستانوے کروڑ ووٹر
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ لوک سبھا الیکشن کے سات مرحلوں میں تقریباً 96.8 کروڑ لوگ آئندہ انتخابات میں 12 لاکھ سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ ہندوستان میں تقریباً 97 کروڑ ووٹر رجسٹرڈ ہیں تاہم دنیا کے ترقی یافتہ جمہوری ملکوں کی نسبت بھارت میں ووٹر ٹرن آؤٹ کافی کم ہوتا ہے۔
اس کے باوجود بھارت کی لوک سبھا کے کو دنیا کے سب سے بڑے پارلیمانی جمہوری انتخابات قرار دیا جاتا ہے۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔
لوک سبھا 2024 کے انتخابات کا مکمل شیڈول
لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو 102 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو 89 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو 94 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو 96 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو 49 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
چھٹے مرحلے میں 57 حلقوں میں 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔
ساتویں مرحلے میں یکم جون کو 57 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
نتائج 4 جون کو آئیں گے۔ موجودہ لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے اور اس سے پہلے ایک نئی لوک سبھا کی تشکیل آئین کے تحت ضروری ہے۔
لوک سبھا انتخابات کی کچھ اور تفصیلات
- 96.8 کروڑ رجسٹرڈ ووٹر 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ دینے کے اہل ہیں۔
- 1.8 کروڑ پہلی بار ووٹ دینے والے۔
- 12 ہندوستانی ریاستوں میں مردوں کے مقابلے خواتین ووٹر زیادہ ہیں۔
- انتخابات کے انعقاد کے لیے 10.5 لاکھ پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
- ان بوتھوں کے انتظام کے لیے 1.5 کروڑ پولنگ اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
- انتخابات میں 55 لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے گا۔
چار ریاستوں میں لوک سبھا کے ساتھ ریاستی اسمبلی انتخابات
لوک سبھا اور اسمبلی کے لیے بیک وقت انتخابات چار ریاستوں سکم، اڈیشہ، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش میں ہوں گے۔ جموں و کشمیر، جو 2018 سے مسلسل صدر راج کے تحت ہے، اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔
لوک سبھا انتخابات کے ہی روز بہار، گجرات، ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، راجستھان اور تمل ناڈو سمیت متعدد ریاستوں کی 26 اسمبلی سیٹوں کے لئے ضمنی انتخابات بھی ہوں گے۔