چودھری پرویز الہیٰ نے وزیراعظم عمران خان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

16 Mar, 2022 | 10:19 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ 

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے انکشاف کیا  کہ سارے اتحادیوں کا 100فیصد رجحان اپوزیشن کی طرف ہے، عمران خان 100فیصد مشکل میں ہیں،  ن لیگ، پیپلزپارٹی، مولانا کا اتحاد پکا اور دیرپا ہے، مخالفین ایک شخص کیخلاف ایک ہوں تو تلخیاں بھلا دیتے ہیں، حکومت میں عقل ودانش اور سمجھداری کا 100فیصد فقدان نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے ہمیں پیشکش کی ہے مگر حکومت نے نہیں کی، نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، پہلے سوچو، پھر تولو اور پھر بولو، چاہتے ہیں کہ ملک کا امن خراب نہ ہو، حکومت کے گھبراہٹ اور غصے کے فیصلے سامنے آرہے ہیں، بس ایک ہی شخص گھبرایا ہوا پھر رہا ہے،عمران خان خود کام کرتے تو آئی بی کی ضرورت نہ پڑتی، آئی بی کی رپورٹ کو بھی عقل سے استعمال کیا جاتا ہے،عمران خان نے دیر کردی، پی ٹی آئی کی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے، تحریک انصاف آج کل سکتے میں ہے، عمران خان کی حکومت نے تین سال نیپیاں بدلی، سیکھا کچھ نہیں، عمران خان ہمارا ماضی یاد رکھیں ، ہم کسی کو دغا نہیں دیتے، لیکن عمران خان کو بدلہ لینے کا بہت شوق ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پہلے حکومت جلسوں کے اعلان منسوخ کرے اور پھر اپوزیشن، ہم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، حکومت نے تعلقات نہیں بنائے،  سب سے بگاڑے ضرور ہیں،ہیلتھ کارڈ کے بجائے انہیں ہسپتالوں کو ٹھیک کرنا  چاہیے تھا،ہیلتھ کارڈ لے کر لوگ مارے مارے پھر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے کچھ تحفظات ہیں، اکیلے نہیں سب اکٹھے فیصلے کریں گے، ہم فیصلے کے تقریباً قریب پہنچ چکے ہیں، ہمارا فیصلہ ایم کیو ایم کی وجہ سے رکا ہوا ہے، ایم کیو ایم کے آصف زرداری کے ساتھ کچھ مسائل ہیں، کل کی ملاقات میں ایم کیو ایم کے 70 فیصد مسائل حل ہو گئے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ فیصلہ کرچکے ہیں کہ ڈیڑھ سال پورے کرنے ہیں، اپوزیشن میں  آصف علی زرداری ضامن ہوں گے، شہبازشریف سے بات ہوئی ہے، جلد دوبارہ ملاقات ہوگی،آصف زرداری نے کہا اگر ایسا نہ ہوا تو میں بھی اس معاملے سے دور ہو جاؤں گا، اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ  جماعتیں آپس میں بیٹھتی ہیں تو کچھ لو اور کچھ دو ہوتا ہے، اگر ہمیں وزارت اعلیٰ مل جائے تو ہم پی ٹی آئی کی کوتاہیاں دور کردیں گے، مونس الٰہی کو بھی نیب کی دھمکی دی گئی، نیب کو کہا گیا کہ کوئی گنجائش نکالیں، جب ٹکراو ہوتا ہے تو نقصان دونوں طرف سے ہوتا ہے، حکومت پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اپوزیشن کا تو کام ہی سڑکوں پر ہوتا ہے، حکومت دھمکی نہ  دے، سب اکھٹے ہو کر آئے تو کوئی روک نہیں سکے گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بتایا جائے اب کون ان کے لیے ووٹ مانگے گا، کیا جانسن مانگے گا یا یورپی یونین؟ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ایم کیو ایم کے ساتھ معاملات طے کرلیے ہیں، مسلم لیگ ن میں نہیں ہے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کا سندھ میں مقابلہ ہے۔ 

مزیدخبریں