(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے باعث لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا۔
مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کے شیڈول میں کچھ تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں ہوں گے، اجلاس کے لیے آئے مہمان ہمارے لیے معزز ہیں اس لیے انہیں کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہیے۔ 23 مارچ کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے اور 25مارچ کوقافلےاسلام آبادمیں داخل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہمان، مہمان ہوتے ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ان کو احترام دیں، 23 مارچ کو دور دراز سے جو قافلے روانہ ہونگے وہ تمام جماعتیں اور قافلے آپس میں رابطے میں رہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے اعلان کیا تھاکہ 23 مارچ کو ظہر سے عصر کے درمیان پورے ملک سے قافلے چل پڑیں گے اور 24 کو اسلام آباد پہنچیں گے، لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔