(اکمل سومرو)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کیاگیا، انسپکشن کے دوران طلباء کی غیر حاضری کی صورت میں فیسوں کی ادائیگیوں میں کٹوتی ہوگی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کی مانیٹرنگ کے لئے نیا ضابطہ جاری کر دیا ہے، پیف حکام کی جانب سے سکول وزٹ کے دوران کوئی بھی طالبعلم غیر حاضر ہوا تو اس کی فیس کی کٹوتی کر لی جائے گی اور سکول انتظامیہ کا کوئی بھی عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔ سکول سے غیر حاضر ہو نےوالے طلباء کے ناموں کو بھی سٹوڈنٹس انفارمیشن سسٹم سے خارج کردیا جائے گا۔
پیف پارٹنر سکولوں میں طلباء کی حاضری انسپکشن کا صرف ایک ہی وزٹ کرے گا۔ طلباء کی غیر حاضری کی صورت میں دوبارہ وزٹ کی درخواست قابل قبول نہیں ہوگی۔ پیف نے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کی انسپکشن سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سکول انفارمیشن سسٹم پراساتذہ کے غلط ڈیٹا کی درستگی کے معاملہ کو حل کرنے کے لئےمحکمہ سکول ایجوکیشن مانیٹرنگ ونگ نے ایجوکیشن اتھارٹیز کواساتذہ کا ڈیٹا درست کرنے کیلئے رسائی فراہم کردی تھی،محکمہ سکول ایجوکیشن کے مانیٹرنگ ونگ نے صوبہ بھر کی 36 اتھارٹیز کو سیس پر اساتذہ کا ڈیٹا درست کرنے کی آپشن دے دی ہے ۔
اساتذہ اپنے کوائف کی درستگی کے لئےایجوکیشن اتھارٹی سے رابطہ کرسکیں گے۔سکول ایجوکیشن نے ڈیٹا کی درستگی کیلئے تمام اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیاگیا تھا۔ ایجوکیشن اتھارٹیز کو 31 جنوری تک ڈیٹا کی درستگی کی اجازت ہوگی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق 31 جنوری کے بعد کوائف میں غلطی کی صورت میں متعلقہ سربراہان ذمہ دار ہوں گے۔