وفاقی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنادی

16 Mar, 2021 | 03:53 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی کے سونامی میں غوطہ زن عوام کیلئے اچھی خبر، وفاقی حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزارت خزانہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم وزارت خزانہ نے کہا کہ چونکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی نہیں لی جاتی اس لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 42 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 83 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت 2 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 81 روپے 42 پیسے مقرر کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے اگلے 15 روز کیلئے ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے حکومت کو تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی جسے وزیر اعظم عمران خان نے منظور نہیں کیا۔اس سے قبل 15 فروری کو بھی وزیر اعظم نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد کردی تھی۔

مزیدخبریں