ڈولفن اہلکار کا طالبعلم پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

16 Mar, 2021 | 02:17 PM

Arslan Sheikh

عابد چودھری: ٹاؤن شپ میں ڈولفن اہلکار نے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، اہلکار عمیر نے طالب علم کے پاؤں پر موٹرسائیکل چڑھائی نوجوان کے وجہ پوچھنے پر تشدد شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ کے علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں عمیر نامی ڈولفن اہلکار نے پہلے طالب علم پر موٹرسائیکل چڑھائی اور پھر تشدد کا نشانہ بنایا۔ انس نے موٹرسائیکل ٹکرانے کی وجہ پوچھی تو اہلکار آپے سے باہر ہو گیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

سٹی فورٹی ٹو  کو موصول ہونے والی فوٹیج کے مطابق سول کپڑوں میں اہلکار کو طالبعلم کا گریبان پکڑ کرلے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ دکاندار نے طالب علم کو بچانے کی بہت کوشش کی مگر اہلکار انس پر تھپڑ برساتا رہا۔ ایس پی ڈولفن راشد ہدایت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اہلکار عمیر کو کلوز ٹو ہیڈ کوارٹر کر دیا ہے۔  

ادھرچوہنگ کےعلاقے میں باپ کا بیٹے کو گولی مارنے کے معاملے پر واقعہ کا مقدمہ ملزم والد کےخلاف تھانہ چوہنگ میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ زخمی بیٹے مجاہد سیف اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق جائیداد میں80کروڑ روپے کی مالیت کا حصہ بنتا ہے، والد نے والدہ کو طلاق دیدی،حصہ نہیں دیاجارہا اور جب حصہ مانگنے گیا تو والد نے فائر مار کر زخمی کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ طبی امداد کے بعد مجاہد کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں