لاہوریوں پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کا فیصلہ

16 Mar, 2021 | 09:34 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (علی رامے) حکومت کا  لاہور کے متوسط طبقے پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کا فیصلہ، اب پانچ مرلے سے زائد رہائشی صارفین کو پانی مہنگا خریدنا پڑے گا۔

حکومت نے پانچ سے کم کو ریلیف جبکہ پانچ مرلے سے زائد کے رہائشی واسا صارفین کے لیے پانی کا بل مہنگا کرنے کی تجویز اور نئے نرخ نامے عائد کرنے کے احکامات دے دیئے، واسا کے ذرائع آمدن اور حکومت کی جانب سے دی جانیوالی سبسڈی ختم کرنے کیلئے نئے بزنس ماڈل پر تیاریاں جاری ہیں، جس میں حکومت نے واسا کو پانی کے نرخوں کے اضافے کی اجازت تو دی لیکن تاحال منظوری نہیں ہوسکی۔

واسا اور اربن یونٹ کی جانب سے واسا صارفین کیلئے پانی کے نئے بل مقرر کرنے کیلئے مختلف تجاویز سامنے آئی تھیں جس میں اب مزید تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت واسا کے 5 مرلے سے کم رہائشی صارفین پر پانی کے بل نہیں بڑھائے گی جبکہ پانچ مرلے سے زائد کے رہائشی اور واسا صارفین کیلئے پانی کے بل مہنگا کیا جائے گا۔

گزشتہ روز سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کی گئی تجاویز میں کہا گیا کہ حکومت کی آر ایم سی کمیٹی نے پانچ سے سات مرلہ کے رہائشی صارفین پر 27 روپے بل بڑھانے کی تجویز دی ہے اور سات سے دس مرلہ کے رہائشی صارفین پر ماہانہ پانی کے بل میں 33 روپے اضافے کی تجویز دی جبکہ دس سے پندرہ مرلے کے رہائشی صارفین پر 528 روپے ماہانہ بل بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب پندرہ سے بیس مرلہ کے واسا صارفین پر 1765 روپے کرنے کی تجویز ہے، کمرشل اور صنعتی صارفین پر زیادہ سے زیادہ 7 ہزار روپے تک بل بڑھانے کی تجویز ہے۔

مزیدخبریں