( زاہد چوہدری ) شیخ زید ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ کی ناکامی سے ایک اور موت واقع ہوگئی، جگر کا عطیہ دینے والے جواں سالہ لخت جگر کی موت کے بعد بدقسمت ماں بھی زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی رہائشی ثروت سلطانہ جگر کےعارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث جنوری میں شیخ زید ہسپتال میں داخل ہوئی تھی۔ اس کے جواں سالہ بیٹے عمر فاروق نے جگر کا عطیہ دیا۔
آپریشن کی ناکامی کی وجہ سے ڈونر عمر فاروق آپریشن کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔ شیخ زید ہسپتال کےآرگن ٹرانسپلانٹ سنٹرمیں ڈونر سمیت پے در پے ہونیوانی اموات پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے شیخ زید کے ٹرانسپلانٹ سنٹر کو بند کر دیا تھا۔ تاہم لخت جگر کھونے والی بدقسمت ماں ثروت سلطانہ کی حالت بھی جگر کی پیوندکاری کے بعد سنبھل نہ سکی۔
ثروت سلطانہ شیخ زید ہسپتال کے آئی سی یو میں ڈیڑھ ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی ہے۔