ملزم مفخر عدیل کے نئے انکشافات

16 Mar, 2020 | 07:12 PM

Malik Sultan Awan

(عرفان ملک) سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شہباز تتلہ کو قتل کرنے والےجگری دوست ایس ایس پی مفخرعدیل کے نئے انکشافات سامنے آگئے، ایک سال سے شہباز تتلہ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہاتھا،پانچ مرتبہ جان سےمارنے کی کوشش کی، کامیابی نہ ہوئی۔ 

سات فروری کو شہبازتتلہ کے قتل کے بتیس روز بعد اس کے جگری دوست ایس ایس پی مفخر عدیل نے گرفتاری تو دے دی لیکن پولیس تاحال قتل کی اصل وجوہات اور شہباز تتلہ کی لاش کا سراغ نہ لگا سکی ۔ پولیس کے مطابق مفخر عدیل نے پولیس کو گرفتاری کے پہلے روز یہ بیان دیا تھا کہ اس نے شہباز تتلہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا کیونکہ شہباز تتلہ اس کی پہلی اور دوسری بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر رہا تھا ۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو مزید تحقیقات میں مفخر عدیل نے بتایا کہ وہ ایک سال سے شہباز تتلہ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ پانچ مرتبہ شہباز تتلہ کو شراب میں بیہوشی کی ادویات ڈال کر دیتا رہا لیکن شہباز تتلہ بچ جاتا رہا ۔ملزم نے سات فروری کو شہباز تتلہ کو بیہوش کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد تکیہ کی مدد سے اس کا گلا دبا کر قتل کیا اور پھر لاش تیزاب میں ڈال کر تخلیل کر دی۔

پولیس مفخر عدیل کی گرفتاری کے چھ روز گزرنے کے باوجود تاحال کوئی ٹھوس شواہد تلاش نہیں کر پائی جس کی وجہ سے کیس کمزور ہو رہا ہے۔ پولیس افسران کا کہناہے کہ مفخر عدیل کا دس روز ہ ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے اور چودہ روزہ ریمانڈ پورا ہونے کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانا لازمی ہو گا۔

دوسری جانب شہباز تتلہ کیس میں ایس ایس پی مفخرعدیل کو غیرحاضری اورکیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے آئی جی پنجاب نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو معطل کرنے اور سرنڈر کرنے کے حوالے سے مراسلہ بھجوایا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےمفخرعدیل کیخلاف آئی جی پنجاب سےچارج شیٹ مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ الزامات اورتفتیش میں جوکچھ ثابت ہوا، اُسکی رپورٹ بھجوائی جائے۔ چارج شیٹ کے بعد مفخرعدیل کیخلاف انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائےگی۔ آئی جی نےسی سی پی ا ولاہورسےمفخرعدیل کیخلاف چارج شیٹ مانگ لی۔ مفخرعدیل کیخلاف چارج شیٹ آتےہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کوبھجوائی جائےگی۔

مزیدخبریں