(اکمل سومرو) سنٹر فار ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی کے ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو مکمل ختم ہونے میں 3 سال لگ جائیں گے۔
پاکستان دنیا بھر میں اپنا لوہا منانے کیلئے تیار ، پنجاب یونیورسٹی کے نامور وائرولوجسٹ ڈاکٹر محمد ادریس کی نگرانی میں کورونا ٹیسٹ کی کٹس تیار کر لی گئی ہیں جبکہ ویکیسن کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس کی کٹ کی تیاری پر خرچہ 5 ڈالرز ہوا ہے.
ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پنجاب یونیورسٹی کی لیب میں سہولیات دستیاب ہے، روزانہ 150 مریضوں کی تشخیص کی سہولت یونیورسٹی کے پاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو مکمل ختم ہونے میں 3 سال لگ جائیں گے۔ تشخیصی کٹ امپورٹ کرنے کی بجائے مقامی سطح پر تیار کی جائیں.
واضح رہے کہ دنیابھرمیں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6ہزار 526 ہوگئی۔ اٹلی میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 368ہلاکتیں، ہر آدھے گھنٹے بعد ایک جنازہ اٹھنے لگا۔ اٹلی میں مرنےوالوں کی تعداد 1809 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ اور چین میں بھی 14، 14افراد چل بسے۔ برطانیہ کی رکن پارلیمینٹ کیٹ اوسبورنی بھی وائرس کی شکار ہوگئیں۔ ایران میں مزید 113، اسپین میں 96، فرانس میں مزید 36افراد لقمہ اجل بن گئے۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ70 ہزار 400 سے زائد ہوگئی۔
پاکستان میں کرونا سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی، ایران سے آنے والے مزید 50زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی 94 تعداد ہوگئی۔ سندھ سیکرٹریٹ بند کردیا گیا۔ چمن، تفتان، طورخم بارڈر بند جبکہ کرتارپور راہداری کو بھی آج سے بند کردیا گیا ہے۔