وزیر اعظم کا ہاتھ ملانے سے انکار، سینے پر ہاتھ رکھ کر مہمان کا استقبال

16 Mar, 2020 | 02:51 PM

وقار نیازی

(سٹی 42) کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کو ہاتھ ملانے کی بجائے سینے پر ہاتھ کر استقبال کیا۔ 

کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت حکومت نے ہدایت کی ہے کہ بار بار صابن سے ہاتھ دھوتے رہیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ وقتی طور پر لوگوں سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں اور منہ سے یا اشارتی طور پر دور سے سلام کریں۔ 

اس عمل کی مثال وزیر اعظم عمران خان نے عملی طور پر کر کے دکھا دی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر اپنی دو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات میں ہاتھ ملانے کی بجائے سینے پر ہاتھ رکھ کر ان کا استقبال کررہے ہیں۔  پہلی تصویر میں مولانا طارق جمیل وزیراعظم کی طرف ہاتھ بڑھاتے نظر آتے ہیں تاہم وزیراعظم کی جانب سے ہاتھ ملانے کی بجائے سینے پر رکھتے دیکھ مولانا طارق جمیل نے بھی سینے پر ہاتھ رکھ انہیں سلام کا جواب دیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی گفتگو  میں وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔وزیراعظم نے کورونا کے باعث مذہبی امور محدود کرنے کے لیے مولانا طارق جمیل سے کردار ادا کرنے کی درخواست  کی۔وزیراعظم کی درخواست پر مولانا طارق جمیل مختلف علمائے کرام سے ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ دنیابھرمیں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6ہزار 526 ہوگئی۔ اٹلی میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 368ہلاکتیں، ہر آدھے گھنٹے بعد ایک جنازہ اٹھنے لگا۔ اٹلی میں مرنےوالوں کی تعداد 1809 ہوگئی ہے۔  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  برطانیہ اور چین میں بھی 14، 14افراد چل بسے۔ برطانیہ کی رکن پارلیمینٹ کیٹ اوسبورنی بھی وائرس کی شکار ہوگئیں۔  ایران میں مزید 113، اسپین میں 96، فرانس میں مزید 36افراد لقمہ اجل بن گئے۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ70 ہزار 400 سے زائد ہوگئی۔

پاکستان میں کرونا سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی، ایران سے آنے والے مزید 50زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔  پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی 94 تعداد ہوگئی۔ سندھ سیکرٹریٹ بند کردیا گیا۔ چمن، تفتان، طورخم بارڈر بند جبکہ کرتارپور راہداری کو بھی آج سے بند کردیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں