(شاہین عتیق) احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نے آشیانہ سیکنڈل اور رمضان شوگر ملزکیس کی سماعت27 مارچ تک ملتوی کردی،پیشی کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاکہناتھا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر ہو گی۔
احتساب عدالت میں آشیانہ سکینڈل کیس اور رمضان شوگر ملزکیس کی سماعت ہوئی,عدالت میں آشیانہ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت 10 ملزمان پیش ہوئے،جج سید نجم الحسن بخاری کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے باعث رمضان شوگر ملز میں شہباز شریف پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، ڈیوٹی جج نے 27 مارچ کی تاریخ دیدی جس پر شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہوگی۔
شہباز شریف کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، احتساب عدالت جانیوالے تمام راستے خار دار تاریں اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے تھے، جن کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
عدالت میں پیشی پر آئے شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو میڈیکل کی سہولت ملنی چاہیے، اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔