وزیر اعظم کا ترک صدر طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ ، عید کی مبارکباد دی

16 Jun, 2024 | 05:59 PM

اویس کیانی : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان کے درمیان آج ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ  فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ 

دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی۔ اس مقصد کے لیے، وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔

مزیدخبریں