(راؤ دلشاد) عید الاضحیٰ کے موقع پر لاہور میں جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ صوبے میں جانوروں کی آلائشیں نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ سری پائے بھوننے کے غیر قانونی کاروبار پر دفعہ 144 کے تحت پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول پر کنٹرول روم فعال کرنے کا حکم دیا گیا،اجلاس میں 2600 مساجد اور 900 عید گاہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے اور پارکس میں بچوں کے لیے جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن کا حکم بھی دیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکم دیا کہ سیکیورٹی بڑھائیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحے کی نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے۔