اویس کیانی: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی حکومت میں ادارہ جاتی اسٹریٹیجک اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں اسٹریٹجک ریفارمز روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا محور گورننس میں بہتری اور عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی ہے ۔ تمام وفاقی وزارتیں ان اصلاحات کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں۔
وزیراعظم نے بیوروکریسی کو وارننگ دی کہ اصلاحاتی ایجنڈا کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
اجلاس کے شرکا کے لئے بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ٹاسک مینیجمنٹ سسٹم کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کا کام حتمی مراحل میں ہے۔
وفاقی وزارتوں میں بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی تعیناتی کے حوالے سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزارتوں اور دیگر وفاقی اداروں میں اہم عہدوں پر پروفیشنل افرادی قوت تعینات کی جائے گی ۔ ہر وزارت سیکٹوریل پلانز ترتیب دے گی۔
معاشی ترقی کی مقامی حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کی جانچ کے لئے کئی پرفارمینس انڈیکیٹرز ترتیب دئے جائیں گے۔
معاشی ترقی کی مقامی حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی. اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔