مانیٹرنگ ڈیسک: خیبرپختونخوا کی سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سونیا شمروز خان کو بہترین پولیسنگ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کی جانے والی گراں قدر خدمات پر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے ویمن پولیس آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا۔
سونیا شمروز، 60 سالہ تاریخ میں پولیس آفیسر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی اور دوسری مسلمان خاتون ہوں گی ۔سونیا شمروز خان نے بحیثیت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بٹگرام، چترال میں جبری شادیوں کی روک تھام کیلئے نہ صرف شکایتی سیل قائم کیے بلکہ خواتین کے مسائل اور خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کیلئے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔
ان کی کوششوں اور کاوشوں کے باعث چترال میں خواتین کی خودکشی کے رجحان میں نمایاں کمی آئی تھی۔خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی ایس ایس پی سونیا شمروز صوبے میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں جبکہ انہیں خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ڈی پی او ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
سونیا شمروز کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پولیس آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ دیا جائے گا۔