(ملک اشرف)موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سےچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کردیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار ایچ آر نے نوٹیفیکیشن جاری کیا، جاری کئے گئے سرکلر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی برانچوں میں 4 ہفتوں کی تعطیلات ہوں گی، عدالتی عملہ اور افسران موسم گرما کی تعطیلات 2 بیچز میں حاصل کر سکیں گے۔
عدالتی عملہ پہلے بیچ کے تحت 5 جولائی سے یکم اگست تک تعطیلات کر سکے گا،دوسرا بیچ 3 اگست سے 30 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کر سکے گا،ہائیکورٹ کے ججز کیساتھ فرائض انجام دینے والا عملہ متعلقہ جج کی اجازت سے موسم گرما کی تعطیلات حاصل کر سکے گا، ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ میں 6 ماہ سے کم ملازمت کا عرصہ کے حامل ملازمین موسم گرما کی تعطیلات سے محروم رہیں گے۔
واضح رہے کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کم سے کم کرنے کا فیصلہ کیاگیا، صوبائی وزیرتعلیم مرادراس نے کہا کہ اس بار گرمیوں کی چھٹیاں دو سے تین ہفتوں کے لیے ہوں گی، پنجاب میں ہونے والی گرمیوں کی چھٹیاں کے بارے صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ بچوں کا بہت نقصان ہوچکا الہذ 7 جون سے پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولے جارہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس کا مزید کہناتھا کہ اس بار تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں کم ہوںگی،ہو سکتا ہے گرمیوں کی چھٹیاں صرف2 یا3 ہفتوں کیلئے ہوں،اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن کا آغاز کردیا ہے، لاہور میں 16 ہزار ٹیچرز اور 4 ہزار نان ٹیچرز سٹاف ہے جنہیں ویکسین لگائی جائے گی۔