( حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تعیناتی کیلئے 120 کوچز کے انٹرویوز مکمل کرلیے، منتخب کوچز سے ایک سالہ معاہدہ کیا جائے گا۔
پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر نے موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 120 کوچز کو شارٹ لسٹ کیا ، انٹرویوز دینے والوں میں سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز بِھی شامل ہیں، ہیڈ آف انٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ ثقلین مشتاق، ہیڈ آف کوچ ایجوکیشن گرانٹ بریڈ برن اور عمر رشید پر مشتمل پینل نے کوچز کے انٹرویوز لیے، منتخب کوچز سے ایک سالہ معاہدہ کیا جائے گا جبکہ تمام کوچز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ماتحت کام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کوچز کو کم از کم دولاکھ روپے تنخواہ دینے والے بورڈ نے سٹی کوچز کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ 55 ہزارروپے رکھی ہے جس پر اہم کوچز نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، کوچز پینل کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا، منتخب کوچز کی پہلی ڈیوٹی پانچ جولائی سے شروع ہونے والی انٹر سٹی کرکٹ چیمپئن شپ ہوگی۔