( عثمان علیم، جمال الدین ) چندرائے روڈ پرطرف گندگی کے ڈھیر،علاقے میں کافی عرصہ سے صفائی کا کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں، بدبو سے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق چندارئے روڈ غلام بھٹی کالونی میں کافی عرصے صفائی ستھرائی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے جہاں بھی چلے جائیں کوئی شنوائی نہیں، گندگی کے باعث لوگ بیمار ہورہے ہیں۔
چندرائے روڈ کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے مسائل کو سمجھا جائے، علاقے میں جمع کئی مہینوں کا کوڑا جلد از جلد صاف کیا جائے۔
ادھر اکرم پارک بغدادی محلہ ساندہ کلاں بند روڈ کے مکینوں نے واسا کیخلاف احتجاج کیا۔ محلہ ساندہ کلاں بند روڈ یو سی 71 میں شہریوں کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں، علاقے کا ٹیوب ویل گزشتہ 8 سال سے خراب ہے۔ پانی کی سپلائی کا کوئی متبادل انتظام نہیں ہے جس پر اہل علاقہ نے واسا کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
شہروں کا کہنا ہے وہ بند روڈ اور دیگر علاقوں کے فلٹرز سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے واسا کو ٹیوب ویل نصب کرنے کیلئے جگہ بھی دی ہوئی ہے لیکن واسا افسران ٹیوب ویل کیلئے مختص فنڈز کھا جاتے ہیں۔
پانی نہ ہونے سے اکرم پارک کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ٹیوپ ویل جلد لگایا جائے اور پانی کا مسئلہ حل کیا جائے۔