سعودی ائیر لائن کی 7 پروازوں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت مل گئی

16 Jun, 2020 | 10:12 AM

Sughra Afzal
Read more!

ائیر پورٹ(سعید احمد) سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سعودی ائیر لائن کی 7 خصوصی پروازوں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دیدی، خصوصی پروازیں سعودی عرب سے لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور پاکستانیوں کو لے کر  پہنچیں گی۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سعودی ائیر لائن کی درخواست پر اجازت دی ہے، ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے باضابطہ اجازت نامہ بھی جاری کردیا، سعودی ائیر کی خصوصی پروازیں 16 جون سے 20 جون تک  آپریٹ ہوں گی، مجموعی طور پر 17 سو سے زائد پاکستانی مسافر وطن پہنچیں گے۔

آج ریاض سے 250 سے زائد پاکستانیوں کو  لے کر پرواز اسلام آباد پہنچے گی جبکہ جدہ سے بھی 250 سے زائد مسافر لاہور پہنچیں گے، تیسری پرواز17 جون کوجدہ سے 240 سے زائد پاکستانیوں کو  لے کر اسلام آباد پہنچے گی، چوتھی پرواز سے 17 جون کو ریاض سے اڑھائی سو مسافر کراچی پہنچیں گے۔

 پانچویں پرواز 18 جون کو جدہ سے اڑھائی سو مسافروں اور چھٹی پرواز 20 جون کو ریاض سے  240 مسافروں کو لے کر پشاورپہنچے گی، ساتویں پرواز 20 جون کو جدہ سے 250 مسافروں کو  لے کر اسلام آباد پہنچے گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سعودی ائیر کے عملے کو ائیر پورٹ پر جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، طیارے واپسی پر کارگو یا خالی روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب نے 15 مارچ کو تمام ممالک کے لیے فضائی آپریشن بند کر دیا تھا، جس کے بعد 15 اپریل کو سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی3734  254 پاکستانیوں کو لیکر لاہور پہنچ آئی تھی، وطن واپس پہنچنے والوں میں عمرہ زائرین اور دیگر مسافر شامل  تھے،  لاہور ائیر پورٹ پرمسافروں کامکمل طبی معائنہ اور کورونا اسکریننگ کی گئی تھی ، تمام مسافروں کو 7 سے 14 دن ایکسپو سنٹر قرنطینہ  میں رکھا  گیا تھا۔

مزیدخبریں