(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کرکٹر دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کوخط لکھ دیا ہے جس میں ان کی تاحیات پابندی کو معطل کرنے اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر دانش کنیریا بھی تاحیات پابندی کیخلاف میدان میں آگئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دانش کنیریا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے پی سی بی کے روبرو درخواست دائر کر دی ہے، لیگ اسپنر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ( آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین کو خط لکھیں۔
Through my legal team, i appealed @TheRealPCB to remove my life ban. pic.twitter.com/Ho1zhHMb4i
— Danish Kaneria (@DanishKaneria61) June 14, 2020
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو لکھے گئے خط میں کنیریا کی قانونی ٹیم نے لکھا ہے کہ کرکٹر کو پیشہ ورانہ اور ذاتی طور پر ناقابل تصور اور ناقابل فہم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی آمدنی کا واحد ذریعہ بہت حد تک متاثر ہوا ہے۔
دانش کنیریا نے یہ خط اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ پی سی بی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ چیئرمین اے سی یو کو خط لکھ کر درخواست کریں کہ وہ اسے ڈومیسٹک کرکٹ یا اس سے متعلق کسی بھی سرگرمی کھیلنے کی اجازت دے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کنیریا نے کسی بھی طرح کے تمام تعلیمی، بحالی یا اس سے متعلق دیگر پروگراموں میں شمولیت کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔
خیال رہے کہ دانش کنیریا نے اس سے قبل تاحیات پابندی کا خاتمہ کرانے کیلئے بی سی سی آئی کے صدرسارو گنگولی سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ آئی سی سی کے چیئرمین بن گئے تو مجھے یقین ہے کہ وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔دانش کنیریا نے گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان سے بھی مدد مانگی تھی۔
واضح رہے کہ سابق کرکٹر دانش کنیریا پر 2012ء میں کاؤنٹی کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔