(سٹی42) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہو گا، میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 2:30 بجے شروع ہو گا۔
کرکٹ ورلڈکپ 2019 کابڑا معرکہ آج پاکستانی شاہینوں اور بھارتی سورماؤں کے مابین ہوگا، میگا ایونٹ کا یہ بڑامیچ نہ صرف پاکستان اور انڈیا بلکہ دیگر ممالک میں بھی شائقین کرکٹ دیکھنے کو بے چین ہیں، ورلڈکپ ایونٹس میں پاکستان بھارت سے کبھی میچ نہیں جیت سکا، پاکستان کے پاس اب تاریخ بدلنے کا سنہری موقع ہے، دوسری جانب برطانوی محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کی پیشنگوئی کی ہے تاہم میچ متاثر نہیں ہو گا اور شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پوائنٹس کے حساب سے بھارت کی ٹیم چوتھے اور پاکستان کی ٹیم 8 ویں نمبر پر ہے ، بھارت کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے دو میں فتح حاصل کی اور ایک بے نتیجہ رہا اور اس کے پانچ پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک چار میچز کھیلے جس میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی دو میں شکست ہوئی اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔