اسرار خان : یوم عاشور کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ یوم عاشور پر پنجاب پولیس کے 01 لاکھ 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ لاہور میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ علما کرام، کمیونٹی لیڈرز، سکیورٹی ایجنسیز و اداروں کے تعاون سے یوم عاشور کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یوم عاشور پر صوبہ بھر میں 2730 عزاداری جلوس برآمد، 2500 سے زائد مجالس منعقد ہو رہی ہیں ۔ اے کیٹیگری کے 415، بی کیٹیگری کے 591، سی کیٹیگری کے 1724 عزاداری جلوس شامل ہیں۔ اے کیٹیگری کی 293، بی کیٹیگری کی 589، سی کیٹیگری کی 1762 مجالس شامل ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں یوم عاشور پر 46 عزاداری جلوس برآمد، 227 مجالس منعقد ہو رہی ہیں ۔ سی ٹی ڈی کے 700، سپیشل برانچ کے 1500، ٹریفک پولیس 5572 اہلکار، 32104 والنٹیرز یوم عاشور سکیورٹی انتظامات پر مامور ہوں گے ۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پرامن یوم عاشور اور محرم الحرام یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کو پاکستان آرمی اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے ۔ دفعہ 144 کے نفاذ سمیت تمام حکومتی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام پولیس یونٹس شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سیف سٹی اتھارٹی، سنٹرل پولیس آفس، ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومز سے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ آر پی اوز ، سی پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کر یوم عاشور سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں ۔ تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دیں ۔