محرم الحرام ؛ جلوسوں اور مجالس پر ڈرون کے مکمل استعمال پر پابندی عائد

16 Jul, 2024 | 05:19 PM

بابر شہزاد ترک : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور مجالس پر ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں  پابندی عائد کی گئی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 9 ویں محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا ۔ وزیرداخلہ نے عزاداروں کی حفاظت کےلئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے جلوس کےروٹ کا معائنہ کیا۔  محسن نقوی نے مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کےبارے دریافت کیا ۔ منتظمین کی جانب سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا گیا ۔ 

وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصررضوی اور چیرمین سی ڈی اےمحمد علی رندھاوا کو سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیں ۔  محسن نقوی نے مرکزی جلوس کا فضائی جائزہ بھی لیا، انہوں نے مرکزی جلوس کے پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا اور ہدایات دیں ، محسن نقوی نے جلوس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی اہلکاروں کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی۔ 

 وزیرداخلہ نے یوم عاشور پر اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سکیورٹی پلان پر  عملدرآمد کی ہدایت کی، کہا کہ خصوصی سکیورٹی پلان پر من و عن عمل یقینی بنایا جائے۔ جلوسوں اور مجالس پر ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں  پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہوگئے ، مجالس اور جلوسوں کے روٹ کی چھتوں پر سنائپر تعینات کیے گئے ہیں۔  

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں،  آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔ امن عامہ سے متعلق صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضروریات  کو پورا  کیا ہے۔

محسن نقوی نے بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے متبادل  پلان پر عمل کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ ملک بھر میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا،ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجودتھے ۔ 

مزیدخبریں