ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔
سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر صدرِ مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے، دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج 10 دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا، اس ناسور کو جلد جڑ سے ختم کیا جائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے ہیروز اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، دہشت گرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے ان کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔