خان شہزاد : شہر سمیت ملک بھر میں سمینٹ ڈیلرز کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث سیمنٹ کی قلت نے سر اٹھانا شروع کردیا ، ڈیلرز نے آج مسلسل دوسرے روز بھی فیکٹریوں سے سیمنٹ نہیں اٹھایا۔
سیمنٹ ڈیلرز ودہولڈنگ اور ٹرن اوور ٹیکس پوائنٹ آف سیل کے خلاف ہڑتال کررہے ہیں۔ سمینٹ ڈیلرز نے مسلسل دوسرے روز بھی فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ڈلیوری نہیں اٹھائی اور مال فیکٹریوں میں جوں کا توں پڑا رہا جس سے فیکٹری مالکان بھی پریشان ہیں اور ان کا کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہورہا ہے۔
سیمنٹ ڈیلرز کی ہڑتال سے تعمیراتی صنعت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے ان کو سیمنٹ ملنا مشکل ہوگیا ہے۔ ہاؤسنگ کالونیوں ، آبادیوں کے نزدیک دوکانوں پر بھی سمینٹ دستیاب نہیں ہے، تعمیراتی کام رکنے سے اس صنعت سے جڑے مزدوروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور انہیں روزگار ملنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔