ویب ڈیسک:ری پبلکن پارٹی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کردیا جب کہ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنالیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل پنسلوینیا میں ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں بچ جانے والے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی پہنچے، جہاں ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
سابق امریکی صدر نے شرکا کے سامنے مکا لہرایا اور اپنے حامیوں سے کھڑے ہو کر داد وصول کی، ٹرمپ کے پہنچنے پر شرکا نے امریکا امریکا کے نعرے لگائے۔
ریپبلکن نیشنل کنونشن میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا، وہ مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی امیدوار کے لیے نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، 2020 میں انہیں ریپبلکن پارٹی نے دوسری مرتبہ صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا مگر وہ صدر جو بائیڈن کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
ری پبلکن پارٹی کا نیشنل کنونشن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنالیا، سینیٹر جے ڈی وینس کا تعلق ریاست اوہائیو سے ہے، وہ ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت مخالف رہے ہیں۔
2400 سے زائد ریپبلکن نمائندوں سے بھرے کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ نے وی آئی پی باکس میں اپنے نامزد کردہ نائب جے ڈی وینس کے ساتھ نشست لی، اس دوران ہاؤس ریپبلکن بائرن ڈونلڈز اور ہاؤس کے اسپیکر مائیک جانسن بھی ان کے ساتھ بیٹھے تھے۔
پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نیشنل کنونشن میں شرکا سے خطاب بھی کریں گے اور 5 نومبر کے انتخابات میں صدر جو بائیڈن کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی پارٹی کی نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول کریں گے۔