عائشہ جہانزیب کو شوہر نے کیوں مارا؟ واقعہ میں نیا موڑ آگیا

16 Jul, 2024 | 10:21 AM

ویب ڈیسک: ٹی وی میزبان و اداکارہ عائشہ جہانزیب کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی موکلہ کو رقم کی واپسی کے مطالبے پر شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ پہلے بھی اہلیہ پر تشدد کرتے رہے ہیں۔

عائشہ جہانزیب کے وکیل نے کہاان کی موکلہ کی فریاد پر بڑی مشکلوں سے پولیس نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ( ایف آئی آر) درج کی،جس میں ارادہ قتل کی دفعات بھی شامل کی گئیں، عائشہ جہانزیب پر تشدد کیس میں ان کے شوہر گرفتار ہیں اور پولیس نے ان کا ریمانڈ بھی لے لیا ہے، تاہم تفتیش اور دیگر قانونی کارروائی کے معاملے سست رفتاری کا شکار ہیں۔

وکیل نے دعویٰ کیا کہ شوہر کے تشدد کے بعد عائشہ جہانزیب پولیس کو مدد کے لیے بلاتی رہیں لیکن پولیس ٹال مٹول سے کام لیتی رہیں، بعد ازاں میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد جلد کارروائی ہوئی, وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عائشہ جہانزیب پر تشدد کا نوٹس لیے جانے کے باوجود قانونی کارروائی سست روی کا شکار ہے۔

وکیل نے بتایا کہ عائشہ جہانزیب نے شوہر کو کاروبار کے لیے اچھی خاصی رقم دے رکھی ہے اور انہوں نے والدہ کی وراثت سے ملنے والی رقم بھی شوہر کو دی تھی۔

رقم کی واپسی کے مطالبے پر شوہر نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ پہلے بھی پیسے واپس مانگنے پر ان پر تشدد کرتے رہے ہیں اور دلیل دیتے ہیں کہ وہ ان کے شوہر ہیں، وہ ان سے رقم واپسی کا مطالبہ کیوں کر رہی ہیں؟

وکیل نے بتایاکہ عائشہ جہانزیب کو مذکورہ شوہر حارث سے دو بچے بھی ہیں لیکن پیسے واپس مانگنے کے معاملے پر ان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور شوہر بار بار ان پر تشدد کرتے ہیں۔

مزیدخبریں