ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جائیں گے۔
کیپشن: file photo

عابد چوہدری:  نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس آج عقیدت و احترام سے نکالے جائیں گے۔

لاہور  سمیت دیگر شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری رہے گا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہونے والی مجالس میں آج 65 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں، آج لاہورسمیت صوبہ بھرمیں ایک ہزار686عزاداری جلوس جبکہ 3853مجالس منعقد ہوں گی۔ لاہورمیں آج 10  ہزار  سے زائدافسران و اہلکار محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں،   لاہور میں آج79 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے اور378مجالس منعقد ہورہی ہیں۔محرم کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ امن وامان کے قیام پر بھی فوکس ہے،   جلوس و مجالس کے اختتام تک تمام افسران وجوان اپنے پوائنٹس پر موجود رہیں گے۔

دوسری جانب  آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔  ان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،  ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔

گزشتہ روز لاہور میں 8 ویں محرم کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بلاک سیداں میں اختتام پذیر ہوا، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔ جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات، گلیاں اور راستے سیل کئے گئے، مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ کر راستے بند رکھے گئے۔