ٹماٹر کی قلت نے مہاراشٹر کے کسان کو کروڑ پتی بنا دیا

16 Jul, 2023 | 10:55 PM

ویب ڈیسک:  ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، پنجاب اور دہلی میں سیلابوں کے سبب حالیہ دنوں میں بھارت میں ٹماٹروں کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا جس سے عام صارفین کو تو پریشانی ہوئی لیکن مہاراشٹر کا  ایک کسان دیکھتے ہی دیکھتے کروڑ پتی بن گیا۔

 بھارتی میڈیا  کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پوُنے کے ٹماٹر کے کاشتکار   تکارام بھاگوجی اور ان کے خاندان والوں نے ایک مہینے میں 13 ہزار  پیٹیاں ٹماٹر بیچ کر ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے کما لیے۔

مہاراژتر کے یہ کسان تکارام 18 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں جس میں سے 12 ایکڑ پر انہوں نے ٹماٹر کاشت کر رکھے تھے،  جب مارکیٹ میں ٹماٹر کی مانگ بڑھی تو ایک ہی دن میں تکا رام نے 900 کریٹ ٹماٹر فروخت کر کے 18 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔

ہوا کچھ یوں ہے کہ بھارت میں ٹماٹر کاشت کرنے والے کچھ علاقوں میں شدید بارشوں اور کڑاکے کی گرمی کی وجہ سے فصلوں کو نقصان ہوا جس کے باعث اجناس کی قیمتوں میں تیزی آئی، پھر ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ اور پنجاب میں سیلاب اور تیز بارشوں نے ٹماٹر کی قیمت مزید بڑھا دی،  اور اس کے بعد دارالحکومت دہلی میں جمنا کے سیلاب نے تو  تماٹر کی قیمت کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور ٹماٹر بڑے شہروں میں ڈھائی سو روپے کلو اورر بعض شہروں میں چار سو  روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔ بھارتی مارکیٹ زرائع کے مطابق شمالی ریاستوں میں راستے کھلنے اور بارشیں بند ہونے کے باوجود اس وقت بھارت میں ٹماٹر کی اوسط قیمت بھارتی کرنسی میں 80 روپے کلو ہے اور بڑے شہروں میں قیمت اوسط سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔

مجموعی طور پر سال 2023 کے دوران بھارت میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 445 فی صد اضافہ ہو چکا ہے۔

 واضح رہے کہ بھارت میں عام طور پر جون جولائی کے دوران مون سون ہواؤں کے باعث ٹماٹروں کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن اس بار اضافہ معمول سے کچھ زیادہ ہوا ہے جس کا فائدہ کسانوں کو ہوا۔

مزیدخبریں