ویب ڈیسک: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے جبکہ پاکستانی باولر شاہین آفریدی کی ٹیسٹ فارمیٹ میں سو وکٹیں مکمل ہو گئیں۔
گال اسٹیڈیم میں اتوار کی صبح سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے سیشن ککی ابتدا میں ہی شاہین نے سری لنکا کے اوپنر نشان مدوشکا کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین کے دوسرے اوور کی بال پر مدوشکا کا شاندار کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے لیا، شاہین کی اس وکٹ کے بعد ٹیسٹ کیرئیر میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔
اس کے بعد دیموتھ کرونا رتنے 43 گیندوں میں 29 رنز ، کوشال مینڈس 14 گیندوں میں 12 اور دنیش چندیمل 6 گیندوں میں ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدا ہی میں سری لنکا کے 4 کھلاڑی صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے اور لنکن ٹیم سخت دباو میں نظر آ رہی تھی تاہم اس کے بعد انجیلو میتھیوز اور دھننجیا ڈی سلوا ن ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ پر جم کر کھیلنے میں کامیاب رہے لیکن 185 کے مجموعے پر میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار کا شکار بن گئے۔
پہلے روز کھیل کے اختتامی اوور میں سدیرا سمارا وکرما نےآغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے دیا، انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ میچ کے پہلے روز کے اختتتام پر دھننجیا ڈی سلوا 94 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں اورسری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3،نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔