شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کیریئر میں 100 وکٹیں مکمل کر لیں

16 Jul, 2023 | 04:52 PM

ویب ڈیسک: شاہین آفریدی  نے انجری کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کم بیک کیا ہے ، سری لنکا کے خلاف افتتاحی میچ کے پہلے سیشن میں طویل فارمیٹ میں سو وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا ۔ شاہین آفریدی کے شاندار ریکارڈ میں ٹیسٹ کرکٹ میں 4 مرتبہ اننگز میں 5 یا زیادہ وکٹیں اور ایک مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ شاہین کی 100 وکٹیں صرف 26 میچوں میں 25 سے کم کی اوسط سے آئی ہیں۔

تیئس سالہ شاہین آفریدی گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انجری کے ایک سال بعد  ایکشن میں آئے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے دوسرے ہی اوور میں کم بیک کو یادگار بنا لیا۔

چار رنز پر کھیلتے لنکن اوپنر نشان منڈوشکا کو وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر دیا ، اس کامیابی کے ساتھ قومی فاسٹ بولر نے اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی ۔

زبردست سنگ میل عبور کرنے پر کرکٹ کے ماہرین و شائقین سمیت پی ایس ایل فرنچائز نے بھی شاہین آفریدی کو مبارکباد دی۔

شاہین آفریدی نے کیرئر کے26ویں ٹیسٹ میں سو وکٹوں کے حصول کا ٹارگٹ حاصل کیا ۔ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف  سب سے زیادہ اٹھارہ وکٹیں حاصل کیں۔ 

جنوبی افریقہ کے سولہ بلے بازوں کو پویلین بھیجا، بنگلادیش کے پندرہ، آسٹریلیا کے چودہ بیٹر شاہین آفریدی کی باولنگ کا شکار ہو کر پویلین واپس گئے، سری لنکا کے تیرہ ، زمبابوے کے دس، نیوزی لینڈ کےنو اور  انگلینڈ کےپانچ بلے بازوں کو  آفریدی نے اپنی پہلی سو ٹیسٹ وکٹوں کے لئےشکار کیا ۔


ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والےشاہین آفریدی انیسویں پاکستانی بولر ہیں۔  کم میچز میں سو ٹیسٹ  وکٹوں کا اعزاز  انگلینڈ کے لوہمین نے سولہویں میچ میں حاصل کیا تھا۔

لیگ سپنر یاسر شاہ صرف 17 ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی باولر ہیں۔

 وقار یونس اور سعید اجمل 19،19 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسرے، محمد آصف 20 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے تیسرے، فضل محمود 22 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے چوتھے جب کہ ثقلین مشتاق اور دنیش کنیریا 23،23 میچز میں 100 ٹیسٹ شکار کرکے مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔

مزیدخبریں