قذافی بٹ: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی 89اپرمال سکیم آمد، بلوچستان میں شہید ہونے والے کیپٹن عفان مسعود کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، فوج نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اور سیاستدانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپر مال سکیم میں بلوچستان میں شہید ہونے والے کیپٹن عفان مسعود کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے لیے سب سے بڑا سانحہ بچوں کا جنازہ پڑھنا ہوتا ہے اور پوری قوم کیپٹن عفان کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتےہیں، ہمارا فرض ہے کہ جو لوگ ہمارے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ان کو دل کے قریب رکھیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات بدل رہے ہیں چند مہینے پاکستان کے لیے اہم ہیں، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں امن کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم کسی جنگ میں شریک نہیں ہونگے امن سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، لیکن عالمی برادری کو پتہ ہونا چاہیے بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا،انڈیا کو پتہ ہے اگر افغانستان میں امن ہوگا تو سی پیک ترقی کرے پاکستان ترقی کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ملک میں غربت ہوتی ہے تو پھر ایلیٹ کلاس بھی سفر کرتا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہے تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھ رہی ہیں وزیراعظم کا فوکس قیمتوں کو کم کرنے پر ہے اور ہونا بھی چاہیے۔