کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی حاضری معافی کی درخواست منظور

16 Jul, 2021 | 12:35 PM

Sughra Afzal

(جمال الدین) اشتعال انگیز تقاریر، پولیس سے جھگڑے سے متعلق کیسز میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی حاضری معافی کی درخواست منظور، عدالت نے مزید کارروائی 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ بلال منیر وڑائچ کی عدالت میں کیسز پر سماعت ہوئی، خاور محبوب ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، کیپٹن صفدر کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر آزاد کشمیر الیکشن کی مہم میں مصروف ہیں، حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف دو کیسز زیر سماعت ہیں، ایک کیس لاہور بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں بغاوت پر مبنیٰ نفرت انگیز تقریر کرنے سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا کیس احتساب عدالت کے باہر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس سے جھگڑا کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کے متعلق ہے۔ پولیس سے جھگڑا کیس میں لیگی رہنما جہانزیب اعوان بھی ملزم ہیں، آئندہ سماعت پر دونوں کیسز میں کیپٹن صفدر پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

 

مزیدخبریں