شملہ پہاڑی (سعید احمد سعید) رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ عید کے بعد تمام علماء کا اکٹھ ہوگا، باقاعدہ علماء کا پلیٹ فارم بنے گا، علماء کرام ہی ملک کو درست سمت کی طرف لے کر جاسکتے ہیں۔
ممبر پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری نے اتحاد اہلسنت اور استحکام پاکستان کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا کی نظروں میں ہے، دنیا کی کسی اور اسلامی ملک پر اتنی نظر نہیں جتنی پاکستان پر ہے، جس مقصد کیلئے پاکستان بنایا گیا، اس کی کوشش نہیں کی گئی، لوگوں نے اپنے اپنے خاندان کیلئے خود کو مضبوط کیا، عید کے بعد علماء کنونشن ہوگا، علماء اہلسنت شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ علماء متحد ہوں، علماء کرام ہی ملک کو درست سمت لے کر جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا، بینظیر بھٹو کے قتل پر ملک میں جلاؤ گھیراؤ ہوا، لیکن کسی نے پیپلزپارٹی پر پابندی نہیں لگائی، کل اچانک حکومت نے دوبارہ ٹی ایل پی پر پابندی میں توسیع کردی، چند حکومتی وزراء عمران خان کو گمراہ کررہے ہیں۔