وزیراعظم عمران خان ظہیرالدین بابر پر فلم بنائیں گے

بابر بہ عیش کوش، کہ عالم دوبارہ نیست

16 Jul, 2021 | 09:40 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان کیساتھ مل کر برصغیر پاک و ہند میں مغل سلطنت کی بنیاد رکھنے والے بادشاہ ظہیرالدین بابر کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔ 

وزیراعظم نے تاشقند میں ازبک صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عظیم مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ظہیرالدین بابر کی نسل نے ہندوستان پر 300 سال تک حکمرانی کی، اس دوران بھارت کو دنیا کے دولت سے مالامال ممالک میں سے تصور کیا جاتا تھا، 24 سے 25 فیصد عالمی جی ڈی پی ہندوستان کی ہوتی تھی، ہندوستان بابر کی حکمرانی میں اپنے دور کا سپر پاور تھا اور سمجھتا ہوں کہ پاک، ازبک کی نئی نسل کو یہ ضرور معلوم ہونا چاہیے۔ اس طرح کی فلمیں دو خطوں کے لوگوں کو یکجا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ظہیر الدین بابر پر فلم بنانے کے بعد ہم علامہ اقبالؒ، مرزا غالب اور امام بخاریؒ پر فلموں کے بارے میں سوچیں گے، ہمیں امید ہے یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی تبادلہ ہوگا.

یاد رہے کہ ظہیر الدین محمد بابر ہندوستان میں مغل سلطنت کے بانی تھے، ان کی والدہ انہیں پیار سے بابر (شیر) کہتی تھیں، ان کے والد عمر شیخ مرزا فرغانہ (ترکستان) کے حاکم تھے، باپ کی طرف سے تیمور اور ماں قتلغ نگار خانم کی طرف سے چنگیز خان کی نسل سے تھے، اس طرح ان کی رگوں میں دو بڑے فاتحین کا خون تھا۔

ظہیر الدین بابر1504ء میں بلخ اور کابل کے حاکم بن گئے، یہاں سے انہوں نے ہندوستان کی طرف اپنے مقبوضات کو پھیلانا شروع کیا، انہوں نے دہلی کے تخت پر قبضہ کر نے کے بعد سب سے پہلے اندرونی بغاوت کو فرو کیا پھر گوالیار، حصار، ریاست میوات، بنگال اور بہار وغیرہ کو فتح کیا، بابر کی حکومت کابل سے بنگال تک اور ہمالیہ سے گوالیار تک پھیل گئی۔ 26 دسمبر، 1530ء کو آگرہ میں انتقال کر گئے۔ 

مزیدخبریں