( اکمل سومرو، زاہد چوہدری ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے انٹری ٹیسٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا، انجنیرنگ اداروں میں داخلوں کیلئے 3 اگست سے لیکر 6 اگست تک انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
یو ای ٹی نے انٹری ٹیسٹ کیلئے حتمی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ کمپیوٹرز پر آن لائن فرضی ٹیسٹ 27 اور 28 جولائی کو لیا جائے گا جبکہ انٹری ٹیسٹ 3 سے 6 اگست تک ہوں گے۔ بی ایس سی انجینئرنگ اینڈ بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ میں پہلے سے رجسٹرڈ طلبہ و طالبات شامل ہوسکتے ہیں۔
انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے طلبہ وطالبات کے کارڈزاپ ڈیٹ کردئیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ میں شامل طلباء یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کارڈ ڈائون لوڈ کرکے پرنٹ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کووڈ 19 اور لاک ڈاون کے باعث انٹری ٹیسٹ کو موخر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر سید منصورسرور سے ملاقات میں انٹری ٹیسٹ کے آن لائن انعقاد کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا۔ وی سی یو ای ٹی نے بتایا کہ رواں برس انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلہ کیلئے ای کیٹ امتحان آن لائن منعقد کیا جارہا ہے۔ امیدوارآن لائن امتحان کمپیوٹرکے ذریعے دیں گے اوراس امتحان میں 33 ہزار امیدوار حصہ لیں گے۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آن لائن انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے یو ای ٹی کے تجربے سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں جامعات کے مابین طے پایا کہ باہمی اشتراک عمل سے انٹری ٹیسٹ آن لائن منعقد کیا جائے گا اور میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے والے 80 ہزار امیدوار بھی یو ای ٹی کی طرز پر آن لائن انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔
دونوں جامعات کے مابین طے پایا کہ آن لائن انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے طریقہ کار کو فائنل کرکے حکومت سے اجازت حاصل کی جائے گی۔