( حافظ شہباز علی ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سپنر کاشف بھٹی کے دو کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا سکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دیدی، انگلینڈ پہنچنے پر ہونے والی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ میں کاشف بھٹی کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
انگلینڈ جانے والے قومی سکواڈ کے تیسرے گروپ میں کاشف بھٹی، حیدر علی، عمران خان اور مساجر ملنگ علی شامل تھے۔ انگلینڈ میڈیکل پینل کی جانب سے کی گئی کورونا ٹیسٹنگ میں سپنر کاشف بھٹی کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ترجمان انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گزشتہ انفیکشن کی باقیات کے سبب کھلاڑی کا ایک ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ پبلک ہیلتھ نے کرکٹر کو سیلف آئسولیشن میں رکھنے کی ہدایت کی۔
کھلاڑی کو احتیاطی طور پر سیلف آئسولیشن کی مدت پوری کرنے پر سکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ای سی بی کے مطابق کورونا مثبت آنے والا کھلاڑی اب سکواڈ کے دوسرے ارکان کے لیے خطرہ نہیں ہے، کاشف بھٹی کےدونوں ٹیسٹ منفی آچکے ہیں اور کاشف بھٹی نے ٹیم جوائن کرنے کے بعد پریکٹس بھی کی۔
ادھر فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا ایک ٹیسٹ نیگیٹو آگیا ہے، دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ جانے کے اہل ہوں گے۔ حارث رؤف اس وقت پی سی بی میڈیکل پینل کے زیرنگرانی لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود ہیں۔