(سعید احمد سعید ) قطر ایئرویز میں تعینات پاکستانی پائلٹس کے لیے اچھی خبر، سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے 35 پائلٹس کے لائسنسز کی جانچ کے بعد اصل ہونے کی تصدیق کر دی۔
ملائیشین، ہانگ کانگ اور اتحاد کے بعد قطر ایئر کے پائلٹس کے لائسنس کی بھی تصدیق ہو گئی۔ قطر ایئرویز نے 39 پاکستانی پائلٹس کے لائسنسز کی فہرست 13 جولائی کو سی اے اے پاکستان کو روانہ کی تھی۔ قطر ایئر سے منسلک 35 پاکستانی پائلٹس کے لائسنسز کی جانچ کے بعد اصل ہونے کی تصدیق کردی گئی جبکہ چار پائلٹس کے لائسنسز بارے رپورٹ آئندہ 7 دن میں مرتب کی جائے گی۔
35 پائلٹ کے لائسنسز کی تصدیق پر مبنی فہرست گزشتہ روز بذریعہ فیکس قطر سی اے اے کو ارسال کی گئی۔
دوسری جانب پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سروے رپورٹ مکمل ہوگئی ہے۔ صفائی ستھرائی کا عمل یقینی بنانے، صدقہ گوشت کی فروخت روکنے کے لیے سی اے اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات اور صدقہ گوشت پرندوں کو اپنے طرف متوجہ کرتے ہیں۔
شیر پاو پل اور اطراف میں گندگی اور کوڑے کے ڈھیروں کو ختم کروایا جائے،کنال اور راوی پل پر فلائٹ سیفٹی کے لیے صدقے کا گوشت فروخت نہ کرنے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، والٹن کنٹونمنٹ بورڈ فورٹرس سٹیڈیم اور اطراف میں موجود ریسٹورنٹس کو بچا ہوا کھانا چھتوں پر پھینکنے سے روکا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کینٹ ریلوے سٹیشن کے ٹریک کے اطراف میں گندگی اور کوڑا فوری صاف کروایا جائے۔ گلشن علی کالونی، نادرآباد، علی پارک، شاہ فیصل ٹاؤن، جوڑے پل، ہربنس پورہ، داروغہ والا اور جی ٹی روڈ پر صفائی کے انتظامات کو فوری بہتر کیا جائے تاکہ پرندوں کے جہازوں کے ساتھ ٹکرانے کے واقعات میں کمی آسکے۔