منشیات کیس میں گرفتار رانا ثناءاللہ نے آرمی چیف سے بڑا مطالبہ کردیا

16 Jul, 2019 | 03:53 PM

Sughra Afzal

(شاہین عتیق) جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص نے مسلم لیگ (ن) کےایم این اے رانا ثناء اللہ اور ان کے 5 ساتھیوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 جولائی تک توسیع کر دی، عدالت نے اے این ایف کو چالان جلد پیش کرنے کا حکم دیدیا، راناثناء اللہ نے آرمی چیف سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق منشیات کیس میں گرفتار (ن) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر اے این ایف نے مزید ریمانڈ کی استدعا کی، راناثناءاللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے اعتراض اٹھایا کہ اےاین ایف ریکارڈ نہیں پیش کر رہی، عدالتی حکم کے باوجود چالان جمع نہیں کروایا گیا۔

وکیل نے کہا کہ ہمیں یہ بھی علم نہیں، ہمارےخلاف الزامات کیا ہیں، عدالت نے سماعت روکتے ہوئے فوری ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔

دو گھنٹے بعد بھی اے این ایف نے ریکارڈپیش نہ کیا بلکہ فوٹو کاپی پیش کردی، وکلاء نےاعتراض اٹھایا کہ کیس کی فائل پیش نہیں کی گئی، اس بات کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے، عدالت نے راناثناءاللہ اور دیگر ساتھیوں کو 29 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناءاللہ نے آرمی چیف سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف معاملے کی انکوائری کروائیں سچائی سامنے آجائے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ میرا بلڈ ٹیسٹ کرایا جائے، سگریٹ کے اثرات بھی نکلیں تو مجھے سزا سنادی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جتناظلم کرنا ہے کرلیں، میرا حوصلہ بلند ہے۔

مزیدخبریں