اسپین جانے والی کشی کو حادثہ؛ 44پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک

16 Jan, 2025 | 07:00 PM

ویب ڈیسک :مغربی افریقا کے راستے اسپین جانے والی کشی کو حادثہ پیش آگیا، کشتی حادثے میں 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے ۔ 

سہانے مستقبل کے خواب سجائے بیرون ملک جانے والے پاکستانی نوجوانوں پر کھلے سمندر میں قیامت ٹوٹ پڑی، مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی سمندر میں الٹ گئی۔

 ترجمان دفترخارجہ کے مطابق تارکین کی کشتی موراکو کے قریب سمندری حدود میں الٹ گئی۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماریطانیہ میں کشتی حادثے کی اطلاع کی تفصیلات لے رہے ہیں، واقعہ کی تفصیلات لینے کے بعد باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

مروکن اتھارٹیزکے مطابق کشتی میں 66 پاکستانیوں سمیت 86 تارکین وطن سوار تھے. حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 44 پاکستانی سمیت 50 تارکین وطن کے ہلاک ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔  پاکستانیوں سمیت زندہ بچ جانے والے افراد کو دخیلہ کے قریب کیمپ میں رکھا گیا ہے، پاکستانی شہریوں کی سہولت اور ضروری مدد کیلئے سفارت خانہ کی ٹیم کودخیلہ روانہ کیا گیا ہے۔

جگر گوشوں کی موت کی خبر اہلخانہ پر بجلی بن کر گر پڑی، کئی گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ مرنے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں جاں بحق 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے، جو 4 ماہ قبل یورپ کے لیے روانہ ہوئے تھے، تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو  موریطانیہ سے سپین کیلئے روانہ ہوئی تھی، انسانی اسمگلروں نے کشتی سمندر میں ہی کھڑی رکھی، انسانی اسمگلروں نے مزید پیسوں کا مطالبہ کیا تھا،  پیسے نہ ملنے پر کشتی کو سمندر میں کھڑا کر دیا گیا تھا۔ 

  ہولناک حادثے میں جاں بحق ہونے اور زندہ بچنے والے پاکستانی نوجوانوں کے اہل خانہ کہتے ہیں انہوں نے بیرون ملک بھجوانے کیلئے بھاری رقوم دیں۔

یاد رہے کہ غیر قانونی طریقوں سے یورپ پہنچنے کی کوششوں میں مسلسل جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے  جو ایک سنگین انسانی بحران کی علامت ہے۔

مزیدخبریں