سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہےکہ طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، میں جھوٹے وعدے نہیں کر رہی کہ گورنر ہاوس کو یونیورسٹی بنا دوں گی۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے تحت سرٹیفکیٹس تقسیم کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے دوران وزیر اعلٰی مریم نواز نے سیکیورٹی ہٹا دی اور وہ طلبہ میں گھل مل گئیں جبکہ طلبہ نے وزیراعلی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ مریم نواز نے طلبہ کے لیے ایک لاکھ جدید لیپ ٹاپ لانے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو 30 ہزار اسکار شپس دی ہیں جو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے ، یہ اسکالر شپس 50 ہزار تک لیجائیں گے، نواز شریف انٹرنیٹ سٹی میں نالج سٹی الگ سے بناہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کی انٹرنیشنل یونیورسٹیز کو لاہور اور پنجاب میں کیمپسز کھولنے کی دعوت دی ہے تاکہ جو بچے بیرون ملک نہیں جا سکتے وہ اپنے ملک میں دور جدید کی تعلیم حاصل کر سکیں، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلی جینس یونیورسٹی کی بھی جلد تعمیر شروع ہو رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جس طرح میں نے دو بار بنا کسی قصور کے جیل کاٹی ہے آج میں بھی بدلے لینے شروع کردوں، آپ کو انتشار پر اکساؤں تو میں آپ کا مستقبل خراب کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تکلیف ہے کہ نوجوان کسی کے بہکاوے میں آکر جیل چلے گئے، کاش انہوں نے اس وقت سمجھ اور عقل کا راستہ اپنا لیا ہوتا۔جس سیاسی جماعت نے انہیں انتشار کا راستہ دکھایا وہ آج انہیں جیل میں پوچھنے بھی نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان اور مستقبل کی حفاظت آپ کا فرض ہے، اگر آپ اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے تو یہ آپکی اپنے ماں باپ سے نافرمانی ہے ۔
تقریب میں وزیر تعلیم راوسکندر حیات، لیگی رہنما عابد شیر علی اور طلال چوہدری سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔