جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیل نے 73 فلسطینی شہید کردیے

16 Jan, 2025 | 04:55 PM

ویب ڈیسک : اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد  بھی اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کم از کم 73 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیل کے مقبوضہ پٹی پر حملے رک نہ سکے، تازہ حملوں میں  73 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق بدھ (کل) کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان ہوا تھا۔ اعلان کے باوجود اسرائیل کے مقبوضہ پٹی پر حملے رک نہ سکے، اسرائیل کی جانب سے حملے غزہ پٹی کے مخلتف علاقوں میں کیے گئے ،جن میں سے 73 فلسطینی صرف غزہ میں شہید ہوئے۔

یاد رہے کہ بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا اور کہا کہ جنگ بندی معاہدہ کروانے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششیں کامیاب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا اطلاق19 جنوری سے ہوگا، حماس اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مراحل پر عمل درآمد کے حوالے سے کام جاری ہے۔ 

قطری وزیر اعظم نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی۔ معاہدے کے پہلے مرحلے میں بے گھر افراد کی گھروں کو واپسی شامل ہے۔

معاہدے کے مطابق 6ہفتوں کی جنگ بندی پر عمل درآمد 3 مراحل میں کیا جائے گا، مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فورس کے قیدی حماس رہا کرے گی اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہوگا۔تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔

مزیدخبریں