سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
شہر لاہور میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے تاہم فضائی آلودگی میں کچھ کمی آئی ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور اس وقت پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 201 ریکارڈ کیا گیا ہے جو شہریوں کی صحت کے لیے خطرے کی علامت ہے۔ جوہر ٹاون بلاک اے 371، پاور زون ہیڈ آفس میں 361، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں 300، امریکی قونصلیٹ میں 272، اور ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 251 ریکارڈ کی گئی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو سختی سے ماسک پہننے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ فضائی آلودگی کے اثرات سے بچا جا سکے۔
کراچی شہر میں سردی کی لہر برقرار ہے اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ خنک راتیں محسوس کی جائیں گی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے اور شمال مشرق سمت سے ہلکی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔دوسری جانب کراچی میں فضائی آلودگی کی سطح میں خطرناک اضافہ ہوا ہے، جس کے مطابق کراچی پاکستان کا دوسرا اور دنیا کا تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 233 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، کورنگی اور مائے کولاچی شامل ہیں، جہاں اے کیو آئی 200 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، بنوں،لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان ،پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں ہلکی سے درمیا نی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے جبکہ لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان، اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے تاہم مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدیدسرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندابازندی/ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے جبکہ رات کے اوقات میں سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور، ٹنڈوجام اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشاورہلکی برفباری ہو سکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔