سٹی42: حیدرآباد میں سی ٹی ڈی پولیس نے ٹنڈو الہ یار بائی پاس سے کالعدم تنظیم سندھ ریولیشن آرمی (ایس آر اے) کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے دہشتگرد سے فنڈنگ کی رقم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی پولیس حیدرآبادنے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ایس آر اے کے سہولت کار ارباب عرف ارباب بھیل کو ٹنڈوالہیار بائی پاس کے قریب سے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے فنڈنگ کے 50 ہزار روپے ، رسید بک ، آئی ڈی کارڈ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ملزم قوم پرست تنظیموں کے جلوسوں و احتجاج بھی شامل ہوکر احتجاج کرنے والوں اور کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے میں ملوث ہے۔
ملزم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ تنگ نظر قوم پرستی کی جنونیت رکھنے والی ذہنیت کا مالک ہے۔ ملزم طالب علموں کو پاکستان اور ریاستی اداروں کیخلاف نعرے لگانے ، انہیں اکسانے اور ذہن سازی کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ گرفتار سہولت کار دہشت گرد نے اعتراف کیا کہ وہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور سندھ میں دہشت گردی کو فروغ دینے کیلئے فنڈنگ کرتا ہے اور حاصل کردہ رقم کی ایس آر اے کے کمانڈر کے حکم پر ترسیل کرتا ہے۔ ملزم کے خلا ف ریاست کے خلاف نعرے لگانے، تقریریں کرنے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کئی مقدمات درج ہیں۔