ویب ڈیسک: گوگل نے پاکستان کے عام انتخابات 2024 کے لیے ’ پاکستان جنرل الیکشن‘ کےنام سے ٹرینڈ متعارف کروا دیا۔
گوگل کی جانب سے متعارف کروایا گیا یہ پیج سرچ ٹرینڈ کسی جماعت کی مقبولیت جاننے کا پیمانہ نہیں ہے اور یہ بھی واضح رہے کہ اس سے ووٹرز کے ارادوں کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ اس سرچ پیج سے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ پاکستانی آن لائن معلومات کس جماعت کے حوالے سے تلاش کر رہے ہیں۔ لوگ کسی سیاسی جماعت میں سب سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔
گوگل نے اس پیج پر منگل کی سہ پہر تک پچھلے 14 دن کے ڈیٹا کو سامنے رکھتے ہوئے نتائج شائع کیے تھے، جس سے معلوم ہوا کہ گوگل پر ویبسائٹس سرچنگ کرنے والوں میں سے 78 فیصد لوگوں نے پی ٹی آئی کے متعلق معلومات سرچ کیں۔ مسلم لیگ(ن) دوسرے نمبر پر رہی، جس کے حوالے سے معلومات تلاش کرنے والوں کا تناسب 14 فیصد رہا۔ پیپلز پارٹی کے متعلق 3 فیصد لوگوں نے معلومات تلاش کیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے 2 فیصد لوگوں نے معلومات سرچ کیں۔
متحدہ قومی موومنٹ، جمعیت علمائے اسلام ف، جماعت اسلامی اور اے این پی سے متعلق ایک ایک فیصد لوگوں نے معلومات ڈھونڈیں۔مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)، بی این پی مینگل اور دیگر کئی جماعتوں میں لوگوں کی دلچسپی اتنی کم تھی کہ اسے صفر فیصد شمار کیا گیا۔
گوگل کے پیش کردہ سرچ ڈیٹا کا جائزہ کرنے پر یہ معلوم ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے حوالے سے معلومات تلاش کرنے کے رحجان میں رواں ماہ چھ تاریخ کے بعد تیزی آئی ہے، پی ٹی آئی کے متعلق معلومات تلاش کرنے والوں میں سے اکثریت کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے معلومات تلاش کرنے والوں میں زیادہ تر صوبہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے بارے میں زیادہ تجسس سندھ کے لوگوں میں پایا جاتا ہے، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ صوبے ان جماعتوں کے گڑھ تصور کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب مذہبی سیاسی جماعتوں میں سے تحریک لبیک میں زیادہ دلچسپی پنجاب میں ، جے یو آئی ف میں بلوچستان میں اور جماعت اسلامی کے حوالے سے زیادہ دلچسپی سندھ میں پائی جاتی ہے۔
سرچ پیج پر دیے گئے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران لوگوں سے سب سے زیادہ یہ سرچ کیا کہ الیکشن کس تاریخ کو ہوں گے۔اس کے بعد لوگوں کی زیادہ دلچسپی نگراں حکومت تبدیل ہوگی یا نہیں، سیاست میں کیسے آیا جائے اور کتنی جماعتیں الیکشن جیتتی ہیں میں رہی۔ کون الیکشن جیتے گا اس حوالے سے سرچ پانچویں نمبر پر آئی۔
واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے اس پیج پر دیا گیا ڈیٹا براہ راست گوگل سے اپ ڈیٹ ہو رہا ہے جو کہ وقت کے ساتھ تبدیل ہوتا رہے گا۔