ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہےکہ 8فروری کو عوام نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیں گے، آپ نے ساتھ دیا تو پاکستان کا نوجوان وزیراعظم بنوں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نوڈیرو میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دورمیں آئین اور جمہوریت کا دفاع کیا، پیپلزپارٹی نے آمریت اور سلیکٹڈ دور کا بھی مقابلہ کیا، عوام کےحقوق پر ڈاکہ ڈالنےوالوں کا مقابلہ کریں گے، پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 18اکتوبر کارساز دہشت گردی کا بڑا سانحہ تھا، ایک دوسرے پر الزامات لگاتے لگاتے ہم ذاتی دشمنی تک پہنچ گئے، دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، انہیں دعوت دی گئی کہ کراچی آکر گھر بنائیں۔ جب ہم کابل جاکر چائےپی رہےتھےتواندازہ نہیں تھا کیا بوجھ اٹھانا پڑےگا؟ پاکستان اور سیاسی اور آئینی بحران سے نکالیں گے۔
دوران تقریر بلاول والدہ کا ذکر کرکے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی حکومت بنائیں گے، شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کےبعد سندھ میں کام نہیں کروائے، ہمارا مقابلہ کسی جماعت سےنہیں مہنگائی، بےروزگاری سے ہے، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے، چوتھی مرتبہ ایک شخص کووزیراعظم بنایا گیاتو اس کانقصان عوام اٹھائیں گے۔