راؤ دلشاد: مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون نے بجلی اور گیس کی قیمت میں کمی ، ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پیر کے روز میاں نواز شریف نے معاشی ماہرین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس میں اس معاشی منصوبے کو حتمی شکل دی۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی شریک تھے۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے الیکشن 2024 کے لئے انتخابی منشور پیر کے روز بھی پیش نہیں کیا گیا تاہم ذرائع نے بتایا کہ ملکی معاشی مسائل کے حل کے لئے اصلاحات اور مختلف تجاویز پر غور کے بعد مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اس منصوبے میں شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات طے کئے گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق زراعت، صنعت ، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکج تیار کرلئے گئے ہیں۔ سالانہ بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے پالیسی نکات مرتب کرلئے گئے ہیں۔ زراعی مقاصد کے لئے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی کی فراہمی ، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل ہے۔
تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے لئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کر لی گئی ہیں۔ پارٹی قومی ترقی کو تیز کرنے والے اقدامات سے مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر زور دے گی۔
مسلم لیگ نون نے اپنا معاشی منصوبہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیا ہے۔ اس میں
شرح سود میں کمی لانے، بڑی صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لئے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کئے گئے ہیں۔
تاہم مسلم لیگ نون کے ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ اس معاشی منصوبہ اور پارٹی کے منشور کو کب ووٹروں کے سامنے لایا جائے گا۔