ویب ڈیسک:بھارت کے ویرات کوہلی نے سابق بھارتی کپتان اور دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر سے اہم اعزاز چھین لیا۔
سچن ٹنڈولکر کے ریٹائر ہونے کے بعد یہی خیال کیا جارہا تھا کہ عظیم بیٹر کے ریکارڈ شاید کوئی توڑ نہ پائے لیکن بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے گزشتہ 11،10 سالوں میں جس طرح کارکردگی دکھائی تو امید یہی جارہی تھی کہ صرف کوہلی ہی ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔
پہلے بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے کے بعد اب ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اور اہم اعزاز چھین لیا ہے، وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں۔
Virat Kohli went past Sachin Tendulkar's tally of tons at home during his unbeaten 166 in the #INDvSL ODI in Thiruvananthapuram on Sunday ????
— ICC (@ICC) January 15, 2023
India also broke a world record during their crushing win over Sri Lanka ???? https://t.co/js8L3oeJVS pic.twitter.com/Epvh1Esb4V
ویرات کوہلی نے یہ اعزاز بھارت کا دورہ کرنے آئی سری لنکا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر حاصل کیا۔
کوہلی بھارت میں ریکارڈ 21 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، ٹنڈولکر نے 20 سنچریاں بنائی تھیں۔
واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سےزیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ٹنڈولکر کے پاس ہیں جنہوں نے اپنےطویل کیریئر میں 49 سنچریاں اسکور کیں، اس فہرست میں کوہلی کا دوسرا نمبر ہے، ان کی سنچریوں کی تعداد 46 ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑے مارجن سےکامیابی حاصل کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
بھارتی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دے دی، یہ رنز کے اعتبار سے ون ڈے میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے۔
بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 166 اور شبمن گل نے 116 رنز کی اننگز کھیلی۔
391 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم صرف73 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، بھارت نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔