ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی جانب سے کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کا ویزہ دوسری بار منسوخ کرنے کا معاملہ، آسٹریلوی عدالت نے عالمی نمبر ون نواک جوکووچ کی ویزہ منسوخی کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی عدالت نے متفقہ طور پر فیصلہ سنایا، ججز کا کہنا ہے کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، عدالتی فیصلے کے بعد جوکووچ کو جلد ہی ملک بدر کئے جانے کا امکان ہے۔ صرف یہ نہیں ٹینس سٹار کا آسٹریلیا داخلے پر ویزہ 3 سال کیلئے منسوخ کیا گیا ہے اور اس طرح وہ کم از کم اگلے دو آسٹریلین اوپنز اور ممکنہ طور پر 2025 ایڈیشن سے محروم رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آسٹریلین حکام نے نواک جوکووچ کو کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر حراست میں لیتے ہوئے ان کا ویزا منسوخ کر دیا تھا لیکن عدالت نے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جوکووچ کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔
امیگرشن اتھارٹی نے صحت عامہ کے لیے خطرہ اور عوامی مفاد کے تحت سرب کھلاڑی کا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کیا تھا۔ جوکووچ کے وکلاء نے حکومت کے اس فیصلے کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے عدالت سے دوبارہ اپیل کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ کووڈ ویکسی نیشن کے معاملے پر یہ تنازعہ ایک نئے موڑ ایسے وقت آیا ہے جب آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ شروع ہونے میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے۔